لاہور (ڈیلی اردو) راولپنڈی سے شروع ہونے والی مذہبی جنگ کا دائرہ وسیع ہوتا جارہا ہے۔ معروف عالم دین علامہ جاوید احمدی غامدی (جو خود بھی فتووں اور شدت پسندی کی وجہ سے بیرون ملک مقیم ہیں) کے نہایت قریبی دوست اسلامک سینٹر ابوظہبی کے قاری محمد حنیف ڈار نے بھی اکبری جماعت کے سربراہ علامہ بشارت مغل کو مذہبی اختلاف پہ سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور انکو مرتد کے ساتھ ساتھ پادری قرار دیا ہے۔ قاری حنیف ڈار نے کہا ہے کہ بشارت مغل اسلام چھوڑ چکا ہے۔ قاری حنیف ڈار نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر پوسٹ شئیر کرتے ہوئے کہا کہ علامہ بشارت مغل اسلام چھوڑ چکا ہے، وہ مرتد ہو چکا ہے۔
دوسری طرف سلفی عالم دین رضوان اصغر نے ایک بار پھر اپنے ویڈیو بیان میں علامہ بشارت مغل پہ سخت تنقید کی ہے اور ان پہ توہین رسالت ﷺ کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان ملعونوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔
مولوی رضوان اصغر نے علامہ بشارت مغل کو انبیاء کرام سمیت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کا بھی مرتکب قرار دیا ہے۔
ڈیلی اردو نے علامہ بشارت مغل کی فیملی سے رابطہ کیا تو مولانا بشارت مغل کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ قاری حنیف ڈار، مولوی رضوان اصغر اور دیگر مخالفین کے فتاوی کی وجہ سے علامہ بشارت مغل سمیت پورے خاندان کو بھی شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مذہبی انتہا پسندوں کی وجہ سے انتظامیہ اور پولیس کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔