اسلام آباد (ش ح ط) خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقہ جہان خانی میں سیکورٹی فورسز کی انٹیلی جینس بیسڈ پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈر عبدالرحمن عرف لالا مارا گیا۔ ہلاک کمانڈر سیکیورٹی فورسز پر حملوں، درابن میں چینی شہری کے اغواء اور نوجوان بچوں کو دہشتگردی کی جانب راغب کرنے سمیت کھتی چیک پوسٹ حملے اور دہشتگردی کی دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔
تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقہ جہان خانی میں انٹیلی جینس بیسڈ کارروائی میں مقابلے کے بعد کانتہائی مطلوب دہشتگرد اور کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر عبدالرحمن عرف لالا مارا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشتگرد کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ و بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد کمانڈر عبدالرحمن کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی اور وہ سیکیورٹی فورسز پر حملے، آئی ای ڈی دھماکوں، ڈی پی او ڈیرہ پر دہشتگردانہ حملے، درابن کے علاقہ میں چینی شہری کے اغوا، نوجوانوں کو دہشتگردی کی جانب راغب کرنے سمیت گزشتہ ماہ کھتی پولیس چیک پر حملے اور دہشتگردی کی دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔