نیو یارک (ڈیلی اردو) جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں امریکہ میں کورونا وائرس سے 1150 اموات ہوئی ہیں، جو کہ اب تک کسی بھی ملک میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔
سوموار کو فرانس میں 830 جبکہ سپین میں 630 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
امریکہ میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 10943 ہوگئی ہے جبکہ اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 367659 ہے جبکہ اب تک 19600 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکہ میں 30 ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
امریکا میں سب سے متاثر نیو یارک ہے جہاں کے میئر نے ریاستی حفاظتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ بڑھا کر 1 ہزار ڈالر کردیا ہے جبکہ لاک ڈائون میں 29 اپریل تک توسیع کردی گئی ہے، اسکے ساتھ ساتھ امریکا میں بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے طبی عملے کیلئے ذاتی حفاظتی سامان، مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرز اور کورونا کے ٹیسٹنگ آلات اور اسٹاف کی قلت ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس کے باعث 13 لاکھ 49 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں جس میں سے 74 ہزار 816 افراد ہلاک اور 2 لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔