افغانستان کا داعش سربراہ اسلم فاروقی کو پاکستان کے حوالے کرنے سے انکار

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان نے پاکستان کا کالعدم داعش کے سربراہ اسلم فاروقی کی حوالگی کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان نے عالمی دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) خراسان کے سربراہ اسلم فاروقی کو پاکستان کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان مجرموں اور جرائم پیشہ افراد کے تبادلے کا معاہدہ موجود نہیں ہے اس لیے اسلم فاروقی کے ساتھ افغانستان کے قوانین کے مطابق سلوک کیا جائے گا، دونوں ممالک مشترکہ سیکورٹی و امن پلان کے تحت معلومات پر تبادلہ کر سکتے ہیں اس سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد ملے گی۔

افغان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اسلم فاروقی کے ساتھ افغانستان کے قوانین کے تحت سلوک کیا جائے گا، اسلم فاروقی داعش کا سربراہ ہے جو افغانستان میں بہت سے جرائم میں ملوث ہے جب کہ اسلم فاروقی پر بہت سے حملوں کا بھی الزام ہے جس میں بہت سے افغان شہری اور فوجی شہید ہوئے۔

واضح رہے کہ 4 اپریل کو افغانستان کی خفیہ ایجنسی ” این ڈی ایس “ نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے صوبہ قندہار میں ایک کارروائی کے دوران کالعدم داعش کے لیڈر اسلم فارقی کو گرفتار کر لیاہے جس کا حقیقی نام ” عبداللہ اورکزئی “ ہے ۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں