عمان (ویب ڈیسک) اردن میں فوج نے کورونا وائرس کے باعث بدترین حالات کی نشاندہی کرنے والے نیوز چینل کے مالک اور ڈائریکٹر نیوز کو ہی گرفتار کرلیا۔
عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ ٹیلیویژن کے مطابق اردن کے مقامی نیوز چینل ’رویا‘ نے ملک میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات پر ایک پروگرام کیا تھا جس میں بیروزگار ہونے والے افراد کی شکایات بھی شامل کی گئی تھیں جب کہ ملک میں غذائی قلت سمیت دیگر مسائل بھی اجاگر کیے گئے تھے۔
نیوز چینل پر لاک ڈاؤن کے باعث بیروزگاری کی شرح بڑھنے اور ملک میں حالات بدتر ہونے پر پروگرام کے بعد فوج نے کارروائی کی۔
Roya TV GM and News Director arrestedhttps://t.co/uHbH6fV4KE#Jordan #RoyaNews #RoyaTV
— Roya News English (@RoyaNewsEnglish) April 10, 2020
ٹی وی کی جانب سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا جس میں ڈائریکٹر نیوز اور ٹی وی کے مالک کی گرفتار کی تصدیق کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے جانے والے ڈائریکٹر نیوز خود اس پروگرام کے میزبان تھے اور ان کا شو ملک کے معروف ٹاک شوز میں شمار کیا جاتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ حکام نے ڈائریکٹر نیوز کو پروگرام کرنے کی وجہ سے 14 روز کے لیے حراست میں لینے کے احکامات دیے ہیں۔
واضح رہے کہ اردن میں کورونا وائرس کی وجہ سے حکومت نے گزشتہ ماہ ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کی تھی جب کہ حکومت نے چند روز قبل 48 گھنٹوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کیا اور اس دوران باہر نکلنے والوں کی گرفتاری اور ایک سال قید کی سزا کے بھی احکامات جاری کیےگئے۔
اردن میں اب تک کورونا وائرس کے 372 کیسز سامنے آچکے ہیں جب کہ 7 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔