بھارتی فوج کی ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ، 2 شہری زخمی

راولپنڈی (کاشف محمود) بھارتی فوج نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر گزشتہ شب بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کی زد میں آ کر 2 پاکستانی شہری زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے گزشتہ رات بلااشتعال فائرنگ کی، چری کوٹ سیکٹر میں آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں سریاں گاؤں کا 35 سالہ رہائشی زخمی ہو گیا۔

دوسری جانب شکر گڑھ سیکٹر کے نواحی گاؤں ننگیال کا 57 سالہ رہائشی بھی بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوا، دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاک فوج نے چند روز قبل کنٹرول لائن پر بھارتی ڈرون مار گرایا تھا، بھارتی فوج کا کواڈ کاپٹر پاکستانی حدود کے 600 میٹر اندر گھس آیا تھا جس پر پاک فوج نے کارروائی کی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں