کورونا وائرس: سعودی حکومت نے رمضان المبارک میں تراویح پر پابندی عائد کردی

ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے جان لیوا کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر رمضان المبارک میں تراویح کے اجتماعات پر پابندی عائد کردی ہے۔

سعودی وزارت اسلامی امور نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح صرف گھر میں ادا کی جائے گی کیونکہ کورونا وائرس کے خاتمے تک عوامی اجتماعات اور مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی ہوگی۔

سعودی عرب کے مقامی اخبار ال ریاض کے مطابق سعودی وزیر برائے اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف الشیخ کا کہنا ہے کہ مساجد میں روزانہ پانچوں نمازوں کی ادائیگی کی معطلی نماز تراویح کی معطلی سے زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اللہ رب العزت سے دعا کرتے ہیں کہ وہ مساجد یا گھروں میں نماز تراویح قبول کرے، انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ لوگوں کی صحت کے حوالے سے بہتری کے لئے کیا گیا ہے۔

انہوں نے اللہ رب العزت سے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ہم سب کی دعائیں قبول کرے اور انسانیت کو اس وبا سے محفوظ رکھے جو پوری دنیا میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور نقصان پہنچا رہی ہے۔

سعودی وزیر نے کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کے جنازے کے حوالے سے یہ بات بھی واضح کی کہ وزارت صحت اور متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور احتیاطی تدابیر کے مطابق میت کے اہل خانہ کے پانچ سے چھ افراد مرنے والے کے لئے نماز جنازہ ادا کرسکتے ہی۔

انہوں نے اجتماعات کی ممانعت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نماز جنازہ ایک واجب نماز ہے جسے انفرادی طور پر پڑھنا ممکن ہے، ضروری نہیں کہ قبرستان میں نماز جنازہ ادا کی جائے ، میت کے لواحقین میں سے پانچ سے چھ افراد نماز جنازہ میں شرکت کرسکتے ہیں جبکہ باقی افراد اپنے گھروں میں نماز ادا کریں۔

سعودی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہاس وقت سب سے اہم بات عوامی اجتماعات کا نہ ہونا ہے تاکہ کورونا جیسے جان لیوا وائرس کی انسان سے انسان میں منتقلی کی شرح کو کم سے کم کیا جا سکے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں