فیصل آباد (ڈیلی اردو) دبئی کی جیلوں سے رہا ہونے والے 186 پاکستانی خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے۔ ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق دبئی کی جیلوں سے چھوڑے گئے 186 پاکستانیوں کو خصوصی پرواز کے ذریعے فیصل آباد پہنچایا گیا، وطن واپس پہنچنے والوں میں مردوں کے علاوہ 8 خواتین بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیر پورٹ پر ان افراد کو ضلعی انتظامیہ کے حکام کے سپرد کیا گیا، ان افراد کو شہر کے مخلتف ہوٹلوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جہاں ان کی سکرینگ کروائی جائے گی اور کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ قومی ائیر لائن (پی آئی اے) نے بیرون ملک میں پھنسے 1800 سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت قومی ائیرلائن کی مختلف پروزایں 19 اپریل تک مختلف ممالک سے پاکستانیوں کو واپس وطن لائیں گی۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر اندرون اور بیرون ملک فلائٹ آپریشنز معطل ہیں تاہم اب خصوصی پروازوں کے ذریعے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جا رہا ہے۔