کورونا وائرس سے پاکستان میں 138 افراد جاں بحق، 7404 متاثر

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 7404 ہوگئی ہے جبکہ 138 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کے وار جاری ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 497 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 7404 ہوگئی ہے جب کہ 1765 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 3391 اور سندھ میں 2217 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں 993، بلوچستان میں 351، گلگت بلتستان میں 250، آزاد کشمیر 48 جب کہ اسلام آباد سے 154 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کا شکار 11 افراد دم توڑ گئے۔ سندھ میں 47، پنجاب 37، خیبر پختونخوا 45، بلوچستان میں 5، گلگت بلتستان میں 3 جبکہ اسلام آباد میں ایک مریض جاں بحق ہوا ہے۔

کورونا وائرس دنیا بھر میں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے، امریکا کی جونز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 22 لاکھ 23 ہزار 240 تک پہنچ گئی ہے جب کہ اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 52 ہزار 328 ہو گئی ہے۔ جب کہ 5 لاکھ 67 ہزار 280 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں