ٹورونٹو(ڈیلی اردو) کینیڈا میں پولیس یونی فارم میں ملبوس مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 16 افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
کینیڈا کی وفاقی پولیس نے فائرنگ کے اس واقعے کو ملک کی تاریخ میں اس نوعیت کا بدترین واقعہ قرار دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق اتوار کی صبح کینیڈا کے صوبے نووا اسکوٹیا کے پورٹاپیک ٹاؤن میں مسلح شخص نے اندھا دھںد فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 16 افراد ہلاک ہوئے جب کہ پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں مسلح شخص کو بھی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ملزم کی شناخت 51 سالہ گیبریل وارٹ مین کے نام سے ہوئی ہے جسے پولیس تلاش کر رہی تھی۔
چیف سپرنٹنڈٹ کرس لیدر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مشتبہ ملزم ہفتے کی شب سے لاپتا تھا۔ تاہم اتوار کی صبح ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔
پولیس نے فائرنگ کے واقعے سے قبل ہی شہریوں کو اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے آگاہ کیا تھا کہ پولیس وردی میں ملبوس مسلح شخص سے ہوشیار رہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی کئی لاشیں ایک گھر کے اندر اور کچھ لاشیں گھر کے باہر سے ملی ہیں۔
یاد رہے کہ کینیڈا میں گن کنٹرول کے سخت قوانین موجود ہیں اور وہاں فائرنگ کے اس طرح کے واقعات کم ہی رپورٹ ہوتے ہیں۔ آخری مرتبہ 1989 میں فائرنگ کے ایک واقعے میں حملہ آور نے اسکول میں گھس کر 14 طالبات کو قتل کر دیا تھا۔
پولیس نے فائرنگ کے اس واقعے کو ملک کی تاریخ میں اس نوعیت کا بدترین واقعہ قرار دیا ہے۔
پورٹاپیک ٹاؤن میں فائرنگ کے واقعے سے متعلق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس کی وردی میں ملبوس تھا اور جس گاڑی میں وہ سوار تھا وہ بھی پولیس کے مشابہہ تھی۔
حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں مسلح شخص کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والی 23 سالہ کانسٹیبل ہیدی اسٹیونسن دو بچوں کی ماں تھی جب کہ ایک اہلکار بھی مسلح شخص کی گولیوں کا نشانہ بنا۔ جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے اتوار کو پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس نے ملزم کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیے اور اس مقصد کے لیے اُن مقامات کا بھی جائزہ لیا جو اکثر کوئی موجود نہیں ہوتا۔
پولیس حکام کے مطابق مسلح شخص کے کیا مقاصد تھے اس حوالے سے فوری طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا اور اِس موقع پر واقعے کو دہشت گردی سے نہیں جوڑا جا سکتا۔
کینیڈا کے وزیرِِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اُنہیں نووا اسکوٹیا میں فائرنگ کے واقعے کی خبر سن کو دکھ پہنچا ہے۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔