اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے گاؤں حسوخیل میں پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ اور بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو جوان شہید، تین زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق میرعلی سب ڈویژن کے علاقے حسوخیل میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ریموٹ بم سے حملہ اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت سپاہی رضوان، سپاہی اکرم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ حولدار گل شیر، لاس نائک رفاقت اور سپاہی فہد زخمیوں میں شامل ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری بھی شہید ہوگیا۔
دوسری جانب اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم حزب الاحرار نے قبول کی ہے۔
وقوعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، جبکہ علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔