نئی دہلی (ڈیلی اردو) بھارتی اداکار رشی کپور 67 سال کی عمر میں جمعرات کی صبح ممبئی میں چل بسے۔ وہ دو سال سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 67 سالہ رشی کپور کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے جنہیں بدھ کی رات طبیعت ناساز ہونے پر ممبئی کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ان کی حالت سنبھل نہیں سکی اور وہ دنیا سے رخصت ہوگئے۔
رشی کپور کے انتقال کی تصدیق ان کے بھائی رندھیر کپور نے کی اور اس دوران رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
گزشتہ برس رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ نے رشی کپور کی بیماری سے متعلق انکشاف کیا تھا کہ انہیں کینسر کا عارضہ لاحق ہے۔
رشی کپور نیویارک میں زیر علاج تھے اور علاج کرانے کے بعد وہ واپس بھارت آئے تھے، ان کے سوگوران میں اہلیہ نیتو سنگھ، بیٹا رنبیر کپور اور بیٹی ردہما کپور شامل ہیں۔
مشہور گلوکارہ لتا منگیشکر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر رشی کپور اور اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں رشی ان کی گود میں تھے۔
لتا جی نے اس تصویر کے ساتھ لکھا ’کچھ عرصہ قبل رشی جی نے مجھے اپنی اور میری یہ تصویر بھیجی تھی۔ وہ سب دن ، سب باتیں یاد آ رہی ہیں۔‘
Kuch samay pehle Rishi ji ne mujhe unki aur meri ye tasveer bheji thi.wo sab din,sab baatein yaad aarahi hain. Main shabdheen hogayi hun. pic.twitter.com/IpwCKMqUBq
— Lata Mangeshkar (@mangeshkarlata) April 30, 2020
لتا نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا ’کیا کہوں، کیا لکھوں، کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا ہے۔ رشی جی کے انتقال پر مجھے بہت دکھ ہو رہا ہے۔ ان کے جانے سے فلمی صنعت کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ یہ دکھ سہنا میرے لیے بہت مشکل ہے۔ بھگوان کی ان کی روح سکون دے۔‘
ان کی وفات پر لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے سخت رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ ’وہ چلا گیا، رشی کپور چلا گیا، میں ٹوٹ گیا ہوں‘‘۔
اداکار شاہ رخ خان کی کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کی جانب سے تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’ رشی کپور صاحب! آپ کی موت سے ہونے والے نقصان کی تلافی اور جو خلا آپ ہمارے دلوں میں چھوڑ گئے ہیں اسے بھرنا آسان نہیں۔۔۔۔ آپ ہمیشہ ایک زندگی سے بھرپور شخصیت تھے‘۔
پریانکا چوپڑا نے ٹویٹ کیا ’میرا دل بھرا ہوا ہے۔ یہ ایک عہد کا اختتام ہے۔ رشی صاحب اور لامحدود ہنر جیسے صاف دل آدمی اب کبھی نہیں دیکھے جائیں گے۔ آپ کو تھوڑا سا جاننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ نیتو جی، ردھیما اور رنبیر اور پورے خاندان سے میری تعزیت۔ ”
My heart is so heavy. This is the end of an era. #Rishisir your candid heart and immeasurable talent will never be encountered again. Such a privilege to have known you even a little bit. My condolences to Neetu maam, Ridhima, Ranbir and the rest of the family. Rest in peace Sir. pic.twitter.com/TR6GVSN4m7
— PRIYANKA (@priyankachopra) April 30, 2020
اداکارہ شیلپا سیٹھی نے بھی اپنے جذبات اور خیالات کا اظہار کرنے کے لیے ٹوئٹر کا سہارا لیا۔
لیجنڈری اداکار رشی کپور نے 150 سے زائد فلموں میں کام کیا اور انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1970 میں راج کپور کی فلم ’میرا نام جوکر‘ سے کیا جس میں انہوں نے اپنے والد کے ہی بچپن کا کردار ادا کیا تھا۔
اس کے بعد انہوں نے پہلی مرتبہ فلم ’بابی ‘ میں مرکزی کردار ادا کیا جس سے انہوں نے شہرت کی بلندیاں کو چھوا۔
رشی کپور نے متعدد مقبول فلموں میں کام کیا جس میں لیلیٰ مجنوں، چاندنی، حنا، بول، یہ وعدہ رہا، ہم کسی سے کم نہیں، بدلتے رشتے، عجوبہ، چاندنی، امر اکبر انتھونی، دیوانہ اور دیگر مشہور فلمیں شامل ہیں۔
رشی کپور نے آخری مرتبہ 2018 میں فلم ’102‘ میں اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کیا تھا جس کے بعد سے ان کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی۔
انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر میں متعدد لیجنڈری اداکاروں سمیت نئے نوجوان اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔
رشی کپور نے اپنی بہترین اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں گھر کرتے ہوئے فلم فیئر، نیشنل فلم ایوارڈز سمیت کئی اعزاز بھی اپنے نام کیے۔