ملاکنڈ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی نصیب شاہ شہید

اسلام آباد (ش ح ط) خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں تعینات پولیس آفیسر ڈی ایس پی نصیب شاہ کو نامعلوم افراد نے گھر پر نشانہ بنا کر شہید کردیا۔

لیویز ذرائع کے مطابق ملاکنڈ کے تحصیل درگئی کے علاقے بابا گان ہریانکوٹ میں نامعلوم ملزمان نے گھر کے چھت سے فائرنگ کی اور گولی ان کے سر پر لگی۔

جبکہ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے پولیس ڈی ایس پی نصیب شاہ کے گھر کے اندر گھس گئے اور فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چھٹی پر آئے ہوئے نصیب شاہ موقع ہی پر شہید ہوگئے۔ جبکہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی لیویز کے دستے موقع پر پہنچ گئے اور پورے علاقے کو سیل کردیا، شہید کی لاش کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی منتقل کیا جہاں سے ضروری کاروائی کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کیا گیا۔

لیویز کے مطابق واقعہ کس نوعیت کا ہے کچھ کہنا قبل اذوقت ہوگا تاہم لیویز فورس باریک بینی کے ساتھ تفتیش کررہی ہے۔

فوری طور پر حملے کی ذمہ داری کسی گروپ یا تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سوات اور ملاکنڈ ڈویژن میں متعدد سرکاری ملازمین اور پولیس اور سیکورٹی فورسز افسران کو طالبان ماضی میں نشانہ بنتے رہے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں