وینزویلا: صدر نکولس کا تختہ الٹنے کی کوشش ناکام، 8 حملہ آور ہلاک، 2 گرفتار

کراکس (ڈیلی اردو) وینزویلا میں سمندر سے دراندازی کر کے صدر نکولس مادورو کو معزول کرنے کے لیے دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے والے 8 مبینہ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔

وینزویلا کے وزیر داخلہ نیسٹر ریورول نے بتایاکہ کولمبیا میں تشکیل دیے گئے گروپ نے تیز رفتار کشتیوں کے ذریعے دارالحکومت کاراکاس سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع میکوٹو کے ساحل سمندر پر اترنے کی کوشش کی جسے فوج اور خصوصی پولیس یونٹوں کے ذریعہ ناکام بنا دیاگیا۔

https://twitter.com/camilateleSUR/status/1256963936093683712?s=19

نیسٹر ریورول نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران 8 حملہ آور مارے گئے جب کہ دو گرفتار کر لیا گیا، حملہ آوروں کی باقیات کے لیے فضائی، سمندری اور زمینی سرچ آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب کولمبیا نے وینزویلا کی حکومت کے اس بیان کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ وینزویلا نے گذشتہ سال کولمبیا کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ’کولمبیا سے آنے والے دہشت گرد کرائے کے سپاہیوں کے گروہ نے سمندر کی جانب سے حملہ کرنے کی کوشش کی تاکہ ملک میں دہشت گردانہ کارروائی کرے اور انقلابی حکومت کے رہنماؤں کا قتل کر سکے۔‘

وینزویلا کی حکومت کے مطابق یہ گروپ دارالحکومت کراکس سے 34 کلومیٹر شمال کے فاصلے پر موجود مکوٹو شہر میں اترا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں