پاراچنار: شورکی مسجد و امام بارگاہ میں دھماکا، موذن شدید زخمی

پاراچنار (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کے علاقے شورکی میں شیعہ مسجد و امام بارگاہ میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں موذن شدید زخمی ہوگیا جبکہ امام بارگاہ مکمل طور پر شہید ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ شورکی مسجد و امام بارگاہ میں ہوا ہے۔

دھماکے سے موذن شدید زخمی ہوگیا جس کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب موذن آذان فجر دے رہا تھا۔

پولیس کے ایک عہدیدار یعقوب خان نے بتایا کہ دھماکا صبح 4 بجے کے وقت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات شروع کردیں۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں ابھی تصدیق نہیں ہوسکی کہ دھماکا کس نوعیت کا تھا لیکن پولیس کو واقعے میں دھماکا خیز مواد نصب کرنے کا شبہ ہے۔

ادھر ضلع کرم سے رکن قومی اسمبلی ساجد حسین طوری، انجمن حسینہ پاراچنار کے سیکریٹرری سردار حسین اور تحریک حسینہ کے صدر حاجی عابد حسین جعفری و دیگر افراد نے امام بارگاہ کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے پر شدید مذمت کا اظہار کیا۔

ضلع کرم میں سیکورٹی فورسز کی قربانیوں اور عمائدین کی کوششوں سے امن قائم ہوا ہے لیکن دہشت گرد اس قسم کوششوں سے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ حکومت سے مطالبہ کیا کہ امام بارگاہ کی فوری تعمیر اور اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائیں۔

قبائلی عمائدین نے میڈیا کے ساتھ بات چیت کے دوران بتایا کہ پاراچنار میں مذہبی مقامات کو دہشت گرد پہلے بھی نشانہ بناتے رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں