مقبوضہ بیت المقدس (ڈیلی اردو) فلسطین میں کورونا وائرس کے خطرات کے باوجود اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ ماہ اپریل میں قابض اسرائیلی فوج نے القدس سے 17 بچوں سمیت 92 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد زندانوں میں قید کیا۔
القدس میں قائم ایک سرکاری ابلاغی ادارے ‘وادی حلوہ انفارمیشن سینٹر’ کی رپورٹ کے مطابق قابض اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینیوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ اپریل میں بھی عروج پر رہا۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے کرونا کی وجہ سے القدس میں لاک ڈائون، تعلیمی، تجارتی اور دیگر ہرطرح کی سرگرمیوں کی بندش کی بندش کے باوجود فلسطینیوں کی گرفتاریاں بدستور جاری رہیں۔
گذشتہ ماہ اسرائیلی فوج نے القدس سے 17 بچوں سمیت کم سے کم 92 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ گرفتار ہونے والوں میں بچیاں بھی شامل ہیں۔
اپریل میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں سب سے زیادہ گرفتاریاں القدس سے کی گئی ہیں جہاں سے 29 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ سلوان سے 28، پرانے بیت المقدس سے 16، شعفاط کیمپ سے 8 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ الصوانہ، صور باہر، جبل المکبر اور بیت حنینا سے ایک ایک فلسطینی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ ماہ اسرائیلی فوج نے القدس میں نہ صرف فلسطینیوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رکھا بلکہ وادی الحمص، صور باھر سے فلسطینیوں کے مویشی اور شعفاط کیمپ سے فلسطینی دکاندارون کی دوکانوں سے پھلوں کی بڑی مقدار بھی لوٹ لی۔