اسلام آباد (ش ح ط) بلوچستان کے ضلع تربت (کیچ) کے علاقے بلیدہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں میجر ندیم سمیت چھ اہلکار ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ معمول کی پیٹرولنگ پر تھی۔ جمعہ کو سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں میجر ندیم عباس بھٹی، نائیک جمشید، لانس نائیک تیمور، لانس نائیک خضر، سپاہی ساجد اور سپاہی ندیم ہلاک جبکہ فیصل نامی اہلکار شدید زخمی ہوگیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں حافظ آباد کے میجر ندیم عباس بھٹی، میانوالی کے نائیک جمشید، تونسہ شریف کے لانس نائیک تیمور، اٹک کے لانس نائیک خضر حیات، مردان کے سپاہی ساجد اور تونسہ شریف کے سپاہی ندیم شامل ہیں۔
1 offr, 5 soldiers embraced shahadat as FC South #Balochistan vehicle was targeted with remote controlled IED while returning from patrolling in Buleda, 14 kms from Pak-Iran Border, to check possible routes used by terrorists in mountainous terrain of Mekran. #OurMartyrsOurHeroes pic.twitter.com/mES0jMWRxq
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) May 8, 2020
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز اور امدادی اداروں کی ایمبولینسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں، امدادی اداروں نے فوری طور پر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایف سی اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور وہاں موجود ثبوت و شواہد اکھٹے کیے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ معمول کی پیٹرولنگ پر تھی۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے بلیدہ دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ بی ایل اے کے ترجمان جیئند بلوچ کے مطابق یہ دھماکہ ان کے گروپ نے کیا ہے۔