راولپنڈی (ڈیلی اردو) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل باقری کو ٹیلی فون کیا۔ پاک ایران سرحد کے قریب سیکورٹی فورسز پر حالیہ دہشت گرد حملے، سرحدی سیکورٹی اور کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل باقری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ جس میں پاک ایران سرحد کے قریب پاکستانی سیکورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے پر بات چیت ہو ئی، حملے کے نتیجے میں میجر سمیت چھ سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
دونوں کمانڈرز نے سرحد کے اطراف سیکورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کووڈ 19 کی صورتحال اور ایسے معاملات سے نمٹنے کے لیے بارڈر ٹرمینلز میں مزید بہتری کی ضرورت پر بھی گفتگو کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کیا ہے، بارڈر سیکورٹی، اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لیے باہمی دو طرفہ تعاون کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف نے باہمی احترام، عدم مداخلت اور برابری کی بنیاد پر علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔