کراچی (ڈیلی اردو) اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کراچی نے وفاقی انٹیلی جنس ادارے کے ساتھ مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو عرفان بہادر کے مطابق آپریشن کے دوران افغانستان سے تربیت یافتہ دو دہشت گردوں نبی گل اور محمد عقیل کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بمعہ ایمونیشن اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔
گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران 2008 میں برنس روڈ پر انٹیلی جنس بیورو کے دو افسران کو ٹارگٹ کلنگ کر کے ہلاک کرنے کا اعتراف کیا۔
گرفتار ملزمان نے شہر بھر میں قتل سمیت دیگر سنگین نوعیت کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا۔
ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے ہے۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ مزید گرفتاریاں اور انکشافات متوقع ہیں۔