اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار دہشت گرد ہلاک کردیے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے بہاولپور میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر بہاولپور میں اعظم چوک کے قریب ذخیرہ جنگل میں کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک ہونے والوں میں امان ﷲ، عبدالجبار، رحمان علی اور علیم شامل ہیں۔ دہشت گردوں کے تین ساتھی اندھیرے میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) سے ہے۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے دستی بم، ایس ایم جی رائفلز اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ دہشت گرد بہاولپور میں اقلیتی عبادت گاہ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔