اے این پی رہنما میاں افتخار حسین کے بھائی کورونا وائرس سے انتقال کر گئے، نماز جنازہ ادا

نوشہرہ (ڈیلی اردو) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین کے بڑے بھائی میاں سریر حسین کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کرگئے۔

میاں سریر حسین 2 دن سے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے ائی سی یو وارڈ میں زیرِ علاج تھے۔

نوشہرہ میں نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے اپنے بھائی میاں سریر حسین کی موت کی تصدیق کی اور بتایا کہ میاں سریر حسین کورونا کاشکار تھے اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے ائی سی یو وارڈ میں 2 دن سے زیرِ علاج تھے۔

میاں افتخار حسین کے مطابق اپنے بھائی اور عوام کے ساتھ میل جول کی وجہ سے ان کا اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی 9 مئی کو مثبت آچکا ہے اور انہوں نے خود کو گھر پر آئسولیٹ کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے تاہم عوام سے دعاؤں کی اپیل ہے۔

کچھ دیر قبل میاں افتخار حسین کے بھائی میاں محمد سریر کی نماز جنازہ ضلع نوشہرہ کی تحصیل پبی میں ادا کردی گئی۔ رسم قل کورونا وبا کے پیش نظر جنازے کیساتھ ہی ختم کردی گئی۔

پاکستان میں آج کورونا وائرس سے مزید 22 افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 958 ہو گئی ہے جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 44672 تک پہنچ گئی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں