کراچی (ڈیلی اردو) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لوگوں سے اپیل ہے عید پر گھروں میں رہیں اور سادگی سے منائیں۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الزام لگایا جاتا ہے میں کورونا پر سیاست کرتاہوں ، ہاں میں لوگوں کی جانیں بچانے کی سیاست کرتاہوں، لاک ڈاؤن کےفوائد کےسبب ہی اسپتالوں میں بوجھ کم ہے، جو لاک ڈاؤن کو ضروری نہیں سمجھتے وہ بھی تقاریر میں اسکے فوائد بتاتے ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے معاملے پر لسانی رنگ دیا گیا کہ کراچی سے دشمنی کی جارہی ہے، اسمبلی میں بتاؤں گاکس طرح سبوتاژ کرنے اور لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی کوشش کی گئی، اس میں بہت لوگ ملوث ہیں، کورونا کے حوالے سے غلط رپورٹنگ ہوئی ہے، یہ صرف مس رپورٹنگ نہیں بلکہ فراڈ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سب سے اپیل ہے عیدکوسادگی منائیں، میں نے اس عید پر کپڑے نہیں سلوائے،اس موقع پر کیسے عید مناسکتا ہوں؟، وزیراعظم عمران خان عید سادگی سے منانے کا قومی اعلان کریں، لوگ گھروں سے نہ نکلیں، اپنے گاؤں نہ جائیں۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی ) کی تشکیل غیر آئینی ہے، وزیراعظم کو خط لکھا ہے کہ نوٹیفکیشن واپس لیا جائے، این ایف سی کمیشن کے ٹی او آرز بھی غیر آئینی ہیں، آئین کو پامال کیا جارہا ہے۔