اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ (پرانا نام تربت) میں سیکورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن اور فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم بی ایل اے اور کالعدم تنظیم یو بی اے کے پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں کیچ کے علاقوں مند اور بلیدہ میں سیکورٹی فورسز پر حملوں کے بعد سیکورٹی فورسز نے کیچ کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا اسی دوران کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے دہشت گرودں اور سیکورٹی فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کالعدم تنظیم بی ایل اے تین دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت اسحاق بادانی، ایوب بلوچ اور جاوید بلوچ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق علاقے کی سرچنگ کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا۔
دوسری جانب کولواہ آواران میں بھی پاکستانی سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم یونائیٹڈ بلوچ آرمی (یو بی اے) کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
NEW:
United Baloch Army (UBA) confirms deaths of two its militants in yesterday's clashes with Pakistani security forces in Balochistan. #Pakistan
Identification:
1. Asad Hassan Baloch.
2. Rashid Baloch. pic.twitter.com/sgAkvwuwzN— FJ (@Natsecjeff) May 24, 2020
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت اسد حسن بلوچ عرف کامریڈ بالاچ اور راشد رمضان عرفِ سوبین بلوچ کے نام سے ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد اسد حسن عرف کامریڈ بالاچ یو بی اے کا ریجن سیکنڈ کمانڈر اور راشد رمضان عرفِ سوبین بلوچ یو بی اے کا کیمپ کمانڈر تھا۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق مارے گئے ملزمان عام شہریوں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں پر بم حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے کیچ میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کا اہم کمانڈر احسان اللہ سمیت پانچ دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک کو زندہ گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، ریمورٹ کنٹرول بم اور راکٹ سمیت دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
واضح رہے پانچ روز قبل ضلع کیچ میں ہی پاک ایران سرحد کے قریب بلیدہ کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ کیا گیا تھا جس میں فوج کے ایک میجر ندیم سمیت چھ سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن ارمی (بی ایل اے) نے قبول کر لی تھی۔