کوہاٹ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں لعل میلہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 2 مسلح ملزمان نے کوہاٹ کے نواحی علاقے لعل میلہ میں پولیس اہلکار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں امجد نامی اہلکار ہلاک ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں تاہم قتل کے محرکات معلوم نہیں ہو پائے ہیں۔

پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

اس سے چار روز قبل کوہاٹ میں پولیس اسٹیشن لاچی کے ایس ایچ او نذر عباس کو لاچی بازار میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

یکم مئی کو کوہاٹ کے علاقے گڑھی مواز خان میں ہیڈ کانسٹیبل ادیب حسین کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں