فلسطین کی آزادی کے حامی “سعودی جیلوں” میں قید

دوحا (ڈیلی اردو) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے بیرون ملک امور کے انچارج ڈاکٹر ماہر صالح نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی رہائی حماس کی پہلی ترجیح ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق حماس رہنما ماہر صلاح نے سعودی عرب کی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہیں عید کی مبارک باد دینے کےساتھ سعودیہ کی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی رہائی کے لیے ہرممکن کوششیں جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے۔

ماہر صلاح کا کہنا تھا کہ سعودی جیلوں میں فلسطینیوں کو صرف اس لیے قید کیا گیا وہ مظلوم فلسطینی قوم کی آزادی کی حمایت کرتے ہیں، وطن عزیز اور مقدسات کے دفاع کے لیے آواز بلند کرتے اور غاصب صہیونی دشمن کےجرائم کا پردہ چاک کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ سعودی عرب کے زندانوں میں قید تمام فلسطینی جلد رہا ہوں گے۔ سعودیہ کی قید میں موجود تمام فلسطینیوں کی باعزت رہائی حماس کی پہلی ترجیح ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے درجنوں فلسطینیوں کو جیلوں میں قید کرنے کے بعد ان کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمات قائم کرناشروع کیے ہیں۔ ان پر دہشت گرد تنظیموں کےساتھ تعلقات استوار کرنے کا بے بنیاد الزام عاید کیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں