اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں ایک گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں اہم طالبان کمانڈر تحصیل اشرف خان شدید زخمی جبکہ بھائی ہلاک ہوگیا۔
یہ واقعہ کل صبح وانا ہیڈکوارٹر سے کچھ دور اعظم ورسک روڈ پر ڈابکوٹ میں پیش آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ منگل کی صبح اس وقت پیش آیا جب ملا نذیر گروپ کا اہم کمانڈر تحصیل اشرف خان اپنی گاڑی میں سوار بازار سے لاہور جا رہے تھے کہ وانا کے علاقے ڈابکوٹ میں نامعلوم کار سواروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے طالبان کمانڈر تحصیل اشرف خان شدید زخمی جبکہ اس کا بھائی شاکرام خان حملے میں ہلاک ہو گیا۔ کار سوار فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
کمانڈر تحصیل خان کو فوری طور پر وانا کے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ملا نذیر گروپ کو پاکستان کے حامی طالبان (گڈ طالبان) میں شمار کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ افغان سرحد سے ملحقہ اس قبائلی علاقے میں دہشت گردوں نے اپنی محفوظ پناہ گاہیں قائم کر رکھی ہیں۔ یہاں اکثر شدت پسند گروہ ایک دوسرے کے خلاف کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔