واشنگٹن (ڈیلی اردو/وائس آف امریکا) امریکہ میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد ایک لاکھ 442 تک پہنچ گئی ہے۔
دنیا میں کسی بھی ملک کے مقابلے میں کرونا وائرس سے امریکہ میں سب سے زیادہ اموات اور کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 56 لاکھ سے زیادہ افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 30 فی صد کا تعلق امریکہ سے ہے۔
امریکہ میں اب تک 16 لاکھ 99 ہزار 933 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔
رواں سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران امریکہ کی مجموعی پیداوار کی شرح میں چار اعشاریہ آٹھ فی صد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ معیشت کی بگڑتی صورتِ حال کے پیشِ نظر امریکہ کی تقریباً تمام ریاستوں نے لاک ڈاؤن یا دیگر پابندیوں میں نرمی کرنا شروع کردی ہے۔
محکمہ محنت کے مطابق نو ماہ کے دوران ملک بھر میں تین کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہو گئے ہیں۔