کراچی میں رینجرز کی گاڑی پر حملہ، ایک اہلکار زخمی

کراچی (ڈیلی اردو) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں  رینجرز کی ایک گاڑی پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کریکر سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک جوان زخمی ہو گیا۔

ایس ایس پی شرقی تنویر عالم اوڈھو کے مطابق گلستان جوہر تھانے کی حدود میں کامران چورنگی کے قریب پاکستان رینجرز کے اہلکار ٹائر پنکچر کی دوکان پرگاڑی کے ٹائر میں ہوا بھروا رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان آئے جنہوں نے گاڑی کی کھڑکی کے شیشے کھلے پاکر کریکر گاڑی کے اندر پھینکا اور فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق کریکر پھٹنے سے زوردار دھماکا ہوا اور گاڑی میں موجود رینجرز کا ایک جوان زخمی ہوگیا جب کہ کریکر حملے سے گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیاگیا۔

تنویر عالم اوڈھو کے مطابق یہ کسی مسلح گروپ کی شرارت ہوسکتی ہے، ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فارنزک کی ٹیموں کو موقع پر طلب کرلیا گیا ہے اور عینی شاہدین کے بیانات بھی لے جارہے ہیں جب کہ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے حصول کے لیے بھی کوشش شروع کر دی گئی ہیں۔

https://twitter.com/Sindhudesharmy/status/1270743124172775425?s=19

دوسری جانب کالعدم تنظیم ‏سندھو دیش روولیوشنری آرمی نے رینجرز گاڑی پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ تنظیم کے ترجمان سوڈھو سندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں دو رینجرز اہلکار مارے گئے ہیں اور پانچ اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں