اسرائیل کیجانب سے فضائی حدود کیخلاف ورزی، لبنان کا شدید احتجاج

بیروت (ڈیلی اردو) لبنان نے شام میں حملوں کے لیے اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان کی فضائی حدود کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے صہیونی ریاست سے بار بار فضائی حدود کی خلاف ورزی پر احتجاج کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لبنانی وزیر خارجہ ناصیف حتی نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی ریاست شام میں فضائی حملوں کے لیے بار بار لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی مرتکب ہو رہی ہے۔

ایک بیان میں ناصیف حتی کا کہنا تھا کہ لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی بیروت کی خود مختاری پر بار بار حملے کے مترادف ہے۔ اسرائیلی ریاست کی طرف سے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرکے عالمی، علاقائی اور لبنان کی سلامتی کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل شامی رجیم نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے حماۃ شہر میں متعدد تنصیبات پر بمباری کی ہے جس کے جواب میں شامی محکمہ دفاع نے اسرائیلی طیاروں پر فائرنگ کی۔

خیال رہے کہ شام میں فضائی حملوں کے لیے اسرائیل کا لبنان کی فضائی حدود کے استعمال کا معاملہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس طرح کے واقعات اب روز کا معمول بن چکے ہیں۔ لبنان اپنی فضائی حدود کی بار بار خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ میں بھی اسرائیل کے خلاف شکایات کرتا رہا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں