اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ پنجاب کے ضلع راولپنڈی میں کنٹونمنٹ کے علاقے میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ تین بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے کنٹونمنٹ کے علاقے (صدر) میں کوئلہ سینٹر چوک پر دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور تین بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاک شخص کی شناخت عارفین کے نام سے ہوئی ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے دو سے تین افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ریسیکیو کے مطابق زخمی افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
واقعہ کے بعد علاقے کو پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے اپنے گھیرے میں لے لیا ہے۔