لداخ میں چین اور بھارتی فوج میں جھڑپ، بھارتی کرنل سمیت 3 فوجی ہلاک

دلی (ڈیلی اردو) چینی فوج نے لداخ میں سرحدی جھڑپ کے دوران ایک بھارتی کرنل اور متعدد فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، واقعہ وادی گلوان میں گزشتہ شب پیش آیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چین اور بھارت کے مابین تقریبا ڈیڑھ ماہ سے سرحدی جھڑپیں جاری ہیں، دونوں جانب سے اعلی سطحی فوجی رابطوں کے باوجود کشیدگی میں کمی نہیں آ سکی۔ گزشتہ شب چین اور بھارت کے مابین واقع سرحدی حد بندی ایل اے سی پر دونوں جانب سے فائرنگ ہوئی جس کے دوران ایک بھارتی کرنل سمیت تین سپاہی مارے گئے۔

فرابسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان زاؤ لیجیان نے کہا کہ انڈین فوجیوں نے پیر کو دو بار سرحد پار کی اور انھوں نے’ چینی فوجیوں کو اشتعال دلوایا، ان پر حملے کیے جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے فوجیوں کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی۔’

منگل کو انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے وادی گلوان کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ملک کے چیف آف ڈیفنس سٹاف اور تینوں افواج کے سربراہوں کے ساتھ ایک ہنگامی اجلاس میں بھی شرکت کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس ملاقات میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ کئی ہفتوں سے سرحد پر کشیدگی جاری ہے جس میں کمی کے لیے فریقین کی فوج کے سینئر رہنماؤں کے درمیان بات چیت کا عمل بھی جاری تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں