اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختون خوا کے قبائلی ضلع کرم کے ہیڈ کوارٹر پاراچنار میں دھماکا ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس واقعہ میں دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکا عید گاہ کے قرین مزدور اڈے میں ہوا ہے۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
نمائندہ ڈیلی اردو محمد صادق کے مطابق دھماکہ گندگی ڈھیر میں چھپائے گئے بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا جس سے ایک پولیس اہلکار حامد حسین مالی خیل اور سید قیصر حسین زخمی ہوگئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار پہنچا دیا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ جائے دھماکہ پر سینکڑوں کی تعداد میں مزدور موجود رہتے ہیں مگر دھماکہ کے وقت مزدور کام پر جا چکے تھے اس وجہ سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔
سماجی رہنما شبیر ساجدی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید چیکنگ کے باوجود اس قسم واقعہ افسوس ناک ہے فورسز اور عوام کی کوششوں سے جو امن قائم ہوا ہے اسے سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔