اقوامِ متحدہ نے مالی میں امن مشن کی میعاد میں توسیع کردی

نیو یارک (ڈیلی اردو) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مغربی افریقی ملک مالی میں اپنے امن مشن (ایم آئی این یو ایس ایم اے) کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت اب امن مشن 30 جون 2021 تک وہاں قیام کر سکے گا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت 13,289 فوجی اور 1,920 پولیس اہلکار تعینات ہیں جن کا مینڈیٹ گزشتہ روز (30 جون) ختم ہوگیاتھا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 29 جون کو اپنے اجلاس میں امن مشن ایم آئی این یو ایس ایم اے میں توسیع کی قرارداد 2531 پیش کی گئی جسے سلامتی کونسل کے 15 ممبران نے متفقہ رائے سے منظور کر لیا۔

قرارداد کے مطابق امن مشن ایم آئی این یو ایس ایم اے اپنے مینڈیٹ پر عملدرآمد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گا اور 2015ء کے امن معاہدے پر عمل درآمد کرنا امن مشن کی بنیادی سٹریٹجک ترجیح ہے اور دوسری سٹریٹجک ترجیح وسطی مالی کے لیے مقامی حکام کے ذریعہ استحکام کی حکمت عملی، عام شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا، داخلی نسلی تشدد کو کم کرنا اور خطے میں ریاستی اتھارٹی کی دوبارہ تشکیل، ریاستی موجودگی اور بنیادی معاشرتی خدمات کی فراہمی کو آسان بنانا ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں رواں ماہ کے آغاز میں جاری کی گئی سہ ماہی رپورٹ میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کہا کہ مالی میں امن مشن کی موجودگی انتہائی اہم ہے اور چیلنجز کی پیچیدگی کے پیش نظر اس کا مینڈیٹ متعلقہ ہے لہذا وہ مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن (ایم آئی این یو ایس ایم اے) کی مدت میں موجودہ مجموعی تعداد کے ساتھ آئندہ سال 30 جون تک توسیع کی تجویز پیش کرتے ہیں کیونکہ انسانی حقوق اور انسانی صورتحال تشویش ناک ہے۔

مالی میں اقوام متحدہ کا امن مشن 2013ء سے اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے جس میں سیاسی عمل کی حمایت اور سلامتی سے متعلق دیگر ٹاسکس شامل ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں