لوئر دیر: دہشت گردوں کی پولیس گاڑی پر فائرنگ، اے ایس آئی ہلاک، کانسٹیبل شدید زخمی

لوئردیر (ڈیلی اردو) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع لویر دیر کے علاقہ منڈہ میں پولیس وین پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر نصیر خان ہلاک جبکہ کانسٹیبل الطاف حسین شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ منڈہ کی پولیس وین معمول کے مطابق جمعہ کی شب گشت پر تھی کہ غنم شاہ کے مقام پر نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر نصیر خان گولیاں لگنے سے موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ کانسٹیبل الطاف حسین شدید زخمی ہوگیا جس کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منڈا منتقل کر دیا گیا۔

ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے کے بعد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں