اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں پانچ بچے شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان میں لدھا کے علاقے وارزہ اشنگی میں کھلونا بم پھٹنے سے پانچ بچے شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں کو طبی امداد کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دئیے گئے۔ زخمی بچوں کو مزید علاج کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم دو بچوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
ایک عرصے تک شدت پسندی/دہشتگردی کا شکار رہنے والے قبائلی علاقوں اور صوبہ خیبر پختونخوا میں اس سے قبل بھی ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں بظاہر ناکارہ دستی بم یا کھلونا نما بم بچوں کے ہاتھ لگے اور دوران کھیل ان میں دھماکے سے بچے زندگی کی بازی ہار گئے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں پانچ بچے زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔