سوڈان: دارفر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 77 افراد ہلاک

خرطوم (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) سوڈان کے ریجن دارفر میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے خواتین اور بچوں سمیت 77 افراد کو ہلاک کر دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مسلح افراد نے ہفتے کے روز دارفر ریجن میں فائرنگ کر کے خواتین اور بچوں سمیت 77 افراد کو قتل کیا۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق جمعے کے روز بھی مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 20 افراد کو قتل کیا تھا۔

اقوا م متحدہ کے آفس برائے کوآرڈینیشن آف ہیومن ٹیرین افیئرز (او سی ایچ اے) کے مطابق مسلح ملزمان نے حملے کے دوران کئی دیہات جلا دیے اور مارکیٹیں لوٹ لیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دارفر ریجن میں موجودہ فسادات کی وجہ ایگری کلچر سیزن میں نرمی اور بڑے پیمانے پر لوگوں کی منتقلی ہے۔

کسی بھی گروپ کی جانب سے دارفر ریجن میں ہونے والے فسادات کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

دوسری جانب سوڈان کے وزیراعظم عبداللہ حمدوک نے فسادات میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارفر ریجن میں مزید سیکیورٹی فورسز بھیجی جائیں گی۔

خیال رہے کہ دارفر ریجن گزشتہ دو دہائیوں سے باغیوں اور سابق صدر عمر البشیر کے حامیوں کے درمیان فسادات کی زد میں رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق دارفر ریجن میں ہونے والے فسادات میں اب تک 3 لاکھ کے قریب افراد ہلاک جب کہ 20 لاکھ کے قریب افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں