کوئٹہ (بیورو رپورٹ) صوبہ بلوچستان کے ضلع تربت میں دھماکے میں ایک شخص ہلاک جبکہ مستونگ میں دستی بم دھماکے میں تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
حملے میں سیکیورٹی فورسزکی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔ دھماکے کے بعد فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کراچی یونیورسٹی کے طالب علم حیات ولد مرزا ہلاک ہوگیا۔ لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مشتبہ افراد کی تلاش شروع کردی۔
ادھر پولیس کے مطابق ضلع مستونگ کے بازار میں دکان پر دستی بم حملے میں خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ امدادی کارکنوں نے زخمیوں کو غوث بخش ہسپتال منتقل کردیا ۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
دھماکے میں دو افراد ہلاک اور خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں، دھماکے کی زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبعی امداد دی جا رہی ہے۔
دونوں حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کرلی۔