نیویارک (ڈیلی اردو) امریکا نے ایران پراسلحہ پابندیوں میں توسیع کے لیے سلامتی کونسل میں خط جمع کرا دیا، فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے معاملے پر ایک مرتبہ پھر امریکا کی مخالفت کر دی۔
تینوں ممالک نے مشترکہ اعلامیے میں کہا کہ وہ سلامتی کونسل میں امریکا کا ساتھ نہیں دیں گے، امریکا کو ایران کے خلاف سلامتی کونسل میں معاہدے کے استعمال کرنے کا حق نہیں کیونکہ وہ جوہری معاہدے سے الگ ہو چکا ہے۔ مائیک پومپیو نے تینوں اتحادی ممالک پر کڑی تنقید کی، ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل ایران کے احتساب میں ناکام ہو چکی ہے، ان کا ملک ایران پر پابندیوں میں توسیع کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکہ نے سلامتی کونسل میں پیش کردہ قرارداد میں مطالبہ کیا تھا کہ ایران کو اسلحہ کی فروخت پر عائد عالمی پابندیوں کی مدت بڑھائی جائے۔ اس قرار داد پر امریکہ کو کامیابی نہیں ہوئی۔ اس مرتبہ فرانس، جرمنی اور برطانیہ کی مخالفت کے سبب امریکہ کو اس محاذ پر مزید تنہائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔