سری نگر (ڈیلی اردو) بھارتی کشمیر میں ائیر فورس کے افسر نے خودکشی کرلی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ائیر فورس افسر نے جموں ائیر فورس اسٹیشن میں خود کو گولی مار کر ہلاک کرلیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 53 سالہ بھارتی افسر اندرپال نے خودکشی اپنی سروس پستول سے کی۔ ائیر فورس اسٹیشن پر موجود اندر پال کے ساتھی اسے ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی۔ بھارتی ائیر فورس کے افسر کے اقدام خودکشی کے بعد ان کا پوسٹ مارٹم اور کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خودکشی کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکی ہے، پولیس نے اس حوالے سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
کے ایم ایس کے مطابق مقبوضہ وادی میں 13 سالوں کے دوران قابض بھارتی فورسز کے 467 اہلکار خود کشی کر چکے ہیں۔