واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) افغانستان کیلئے امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے افغان امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے طالبان کو تشدد میں کمی کیلئے ترغیب دی ہے۔
امریکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا کہ افغان رہنما اور طالبان ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرائیں اور موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پرامن حل پر رضامند ہوجائیں۔
انہوں نے پاکستان کے کردار کے حوالے سے کہا کہ افغان امن کیلئے دو سال سے جاری امریکی کوششوں میں پاکستان مددگار ثابت ہوا ہے، افغان 42 سال میں پہلی بار ایک میز پر بیٹھے ہیں، یہ امید اور موقع کا لمحہ ہے، تاہم اس لمحے کے اپنے چیلنجز بھی ہیں۔
زلمے خلیل زاد کاکہنا تھا کہ پاکستان نے طالبان کو افغان حکومت کیساتھ مذاکرات اور تشدد میں کمی کیلئے ترغیب دی۔
امریکی نمائندہ خصوصی نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کو ملکی امن کیلئے ضروری سمجھتا ہے۔