کراچی (نمائندہ ڈیلی اردو) کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں مسافر بس کے قریب دھماکے سے 6 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو ٹیمیں جائے دھماکا پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ جائے حادثہ سے سلنڈر کا کوئی ٹکڑا نہیں ملا، یہ بارودی مواد تھا۔
پولیس کے مطابق بس ٹرمینل کے گیٹ پر دھماکا خیز موجود تھا، پاس سے گزرنے والی بس دھماکے کی زد میں آئی جس سے 6 افراد زخمی ہوئے۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ واقعے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ دھماکا خیز مواد میں بال بیرنگ اور دیگر لوہے کی چیزیں ڈالی ہوئی تھیں جسے سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
جائے وقوعہ پر بم ڈسپوزل اسکواڈ طلب کرلیا گیا ہے۔ ادھر بم ڈسپوزل سکواڈ نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دھماکے میں ایک کلو کے قریب بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق چھ میں سے ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔