اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے حکام کے مطابق ہیڈ کوارٹر وانا کی دور آفتادہ علاقہ کشمیر کنڑ پر امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ دس زخمی ہوگئے ہیں۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق یہ ڈرون حملہ 30 اکتوبر کو جنوبی وزیرستان کے تھانہ سرویکئی کے علاقے ازمرے نالہ میں ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق حملے کا نشانہ تحریک طالبان پاکستان کا ایک مرکز تھا جس پر امریکی ڈرون نے کم از کم دو میزائل فائر کیے۔ حملے میں 5 شدت پسند مارے گئے۔
حکام کے مطابق جس مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے یہ مکان گنڈا پور گروپ سے تعلق رکھنے والے اہم کمانڈر کا مکان ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق اس حملے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد طالبان تھے جو اس مکان میں کافی عرصے سے رہائش پذیر تھے۔
مقامی افراد نے مزید بتایا کہ لاشوں کو ملبے سے نکال کر نامعلوم مقام پر دفنا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے ڈرون حملے کی تصدیق کردی۔
ترجمان محمد خراسانی کے مطابق 30 اکتوبر 2020ء کو جنوبی وزیرستان کے علاقے کشمیر کاٹ میں تحریک طالبان پاکستان کے مجاہدین کے ایک دستے پر امریکی ڈرون حملہ ہوا جس میں پانچ ساتھی زخمی ہوئے تھےـ
ملکی میڈیا نے غلط بیانی کرتے ہوئے اسے مجاہدین پر اپنا مائن بلاسٹ ہونے کی خبر دی جو جھوٹ پر مبنی ہے، واقعہ ڈرون حملے کی صورت میں پیش آیا تھاـ