کوئٹہ (بیورو رپورٹ) صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک افغان بارڈر پر قائم چوکی پر سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ میں ایف سی کا ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
پاکستان فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان بارڈر پر قائم چوکی پر سرحد پار سے فائرنگ منزکئی سیکٹر ژوب بلوچستان میں کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ سے ایف سی کا 22 سالہ جوان نائیک فخر عباس ہلاک اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مؤثر بارڈر منیجمنٹ کا معاملہ افغان حکام کے ساتھ مسلسل اٹھاتا رہا ہے، سرحد کے آر پار دہشت گردی کی روک تھام کیلئے مؤثر بارڈر منیجمنٹ ضروری ہے۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
ٹی ٹی پی ترجمان محمد خراسانی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی پوسٹ پر رات گئے تعارضی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں فوجی اہلکار پوسٹ چھوڑ کر بھاگ گئے اور مجاہدین نے پوسٹ پر قبضہ کرلیا ـ
ان کا کہنا ہے کہ پوسٹ میں فوجیوں کے زیر استعمال سامان، خیموں، 2 عدد ایکیسویٹر مشینری، ایک عدد ٹریکٹر، ایک عدد رولر، ایک عدد مزدا گاڑی، ایک عدد ٹویوٹا مال بردار گاڑی اور 2 عدد ہیوی جرنیٹرز کو مکمل طور پر جلا کر راکھ کردیاـ
محمد خراسانی نے بتایا کہ حملے کی ویڈیو بھی شائع کی جائے گی۔