میران شاہ (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختون خواہ کے قبائلی شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کی سب ڈویژن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 قبائلی عمائدین جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ پیر کے روز 12 بجے اس وقت پیش آیا جب چار ملکان سب ڈویژن میرعلی کے تحصیل روڈ پر ایک موٹر کار گاڑی میں ساتھ جا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ملک صاحب خان، ملک رضاخان، ملک عمر خان اور ملک نور خان شامل ہیں۔
چاروں ملکان اپنی سفید رنگ کی گاڑی میں میرعلی بازار سے گزر رہے تھے کہ اس دوران پہلے سے ان کی تاک میں گھات لگائے ملزمان نے گاڑی پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی تو ملزمان فرار ہوچکے تھے۔ پولیس نے لاشوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال میرعلی منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
یاد رہے کہ شمالی وزیرستان سب ڈویژن میرعلی کے بائی پاس روڈ پر کچھ دن پہلے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہوئے تھے ایک ہی ہفتے یہ دوسرا افسوسناک واقعہ ہے۔