مردان (ڈیلی اردو) کائونٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں کاروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی مردان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار دہشت گرد پشاور اور مردان میں سٹیل ملز میں کام کرتے تھے۔
سی ٹی ڈی بیان کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ، 2 عدد خود ساختہ بم سمیت 5 ہیڈ گرینڈ برآمد بھی برآمد ہوئے ہیں۔
مبینہ دہشت گردوں کی شناخت صفی اللہ، محمد عالم، لعل محمد ،ذاکراللہ اور صات اللہ کے نام سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے۔
سی ٹی ڈی مردان کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی گی ہے۔
واضح رہے کہ آج صبح سیکیورٹی فورسز نے ایک انٹلی جنس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے قبائلی ضلع خیبر سے بھی کالعدم تنظیم لشکراسلام کے کمانڈر ذاکر آفریدی سمیت 4 دہشتگردوں کو گرفتارکرلیا تھا۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں خودکش جیکٹس سمیت دیگر بارودی مواد برآمد کر لیا گیا تھا۔