ایتھنز (ڈیلی اردو) یونان میں ترکی کے قونصل خانے کے ایک اعلیٰ عہدیدار کو جاسوسی کے الزام میں دوست کے ہمراہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان کی پولیس نے ساحلی شہر رھوڈس میں ترک قونصل خانے کے مقامی شہری کو جاسوسی کے الزام میں دوست کے ہمراہ گرفتار کرلیا ہے۔
یونانی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ زیر حراست دونوں افراد پر بحیرہ ایجیئن میں یونانی مسلح فورسز کی تصاویر کھینچنے کا الزام ہے۔ دونوں افراد یونان کے شمالی علاقوں میں آباد مسلم اقلیت سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایک ملزم فضائی کمپنی میں بطور باورچی کام کرتا ہے۔
ترکی کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں قونصل خانے کے عہدیدار کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یونان کی شہریت رکھنے والے عہدیدار کی گرفتاری یورپین کنونشن آف ہیومن رائٹس اور قونصلر رابطوں کے حوالے سے ویانا کنونشن کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ ترکی اور یونان کے درمیان ساحلی علاقوں اور جزیروں کی ملکیت کے لیے تناؤ برقرار ہے تاہم دونوں کے درمیان جاری کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔