پشاور (ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا نے اہم کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ ملاکنڈ ریجن نے خفیہ ذرائع سے اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ دہشت گردوں کو بارودی مواد سمیت گرفتار کرلیا، مبینہ دہشت گردوں نے دو گاڑیوں کے ذریعے بھاری مقدار میں بارودی مواد تخریب کاری کیلئے منڈہ دیر لوئر سے قبائلی ضلع باجوڑ لے جارہے تھے۔
اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کے اہلکاروں اور سیکیورٹی فورسز نے دیر لوئر میں تھانہ منڈہ کی حدود میں علاقہ میاں کلے چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کرکے منڈہ سے آنے والی ڈبل ڈاٹسن گاڑی اور فیلڈر موٹر کار کو روکا تو اس میں سے 350 کلوگرام وزنی ڈائنامائیٹ بارود کے 14 کارٹن اور پلاسٹک بوری میں بند 25 کلو وزنی بارود برآمد ہوا، جو گھاس پھوس میں چھپایا گیا تھا۔
پولیس نے ڈاٹسن میں سوار 2 ملزمان شیر نواب اور تاجبر کو گرفتار کرلیا۔ اسی طرح فیلڈر کار میں سے بھی 2250 میٹر لمبی پرائما تار کے 9 بنڈل، ایک بنڈل سیفٹی فیوز، 100 ڈیٹونیٹر برآمد ہوئے۔ پولیس نے اس کار میں موجود 2 ملزمان بختیار اور شیر محمد کو حراست میں لے لیا۔
چاروں ملزمان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام منتقل کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور ان سے مزید اہم انکشافات کی توقع ہے۔