ایران نے امریکی بحری بیڑے کے قریب بیلسٹک میزائل داغ دئیے

تہران (ڈیلی اردو) ایران نے بحر ہند میں بیلسٹک میزائل داغنے مشق کی ہے، جبکہ سمندری حدود میں امریکی طیارہ بردار جنگی بحری جہاز بھی موجود تھا۔

امریکی خبر رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل سے فرضی دشمن کو نشانہ بنانے کی مشق کی گئی ہے۔ ایران نے اپنا بیلسٹک میزائل بحر ہند میں موجود اہداف کی جانب داغا۔

بحرِہند میں اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے بیلسٹک میزائل امریکی طیارہ بردار جہاز نیمیٹز سے 160 کلومیٹر دور گرے ہیں۔ میزائل ایران کی زمینی حدود سے فائر کیے گئے جو سمندری حدود میں اپنے اہداف پر جا لگے۔

میزائلوں نے 1800 کلومیٹر دور اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ بتایا گیا ہے کہ ایران کے اس اقدام سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ایران نے یہ اقدام ایسے وقت میں اٹھایا جب کچھ عرصہ قبل ہی امریکا طیارہ بردار جنگی بحری جہاز ایران کے قریب سے بحیرہ ہرمز میں سے گزرا تھا۔

اب امریکا کی طرف سے تہران پر دباؤ میں اضافے کی ایک باقاعدہ مہم جاری ہے اور ایران کے جوہری پروگرام کے تحت یورینیم کی ممنوعہ حد تک افزودگی کا عمل بحال کئیے جانے کی وجہ سے تہران اور واشنگٹن کے مابین تناؤ بھی ایک بار پھر بہت زیادہ ہو چکا ہے۔

ان میزائل تجربات کے حوالے سے جرمن خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران اب تک اپنے جتنے بھی میزائل تیار کر چکا ہے، ان کے ذریعے وہ اتنی صلاحیت حاصل کر چکا ہے کہ اس کے میزائل دو ہزار کلومیٹر کے فاصلے تک اپنے اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ صلاحیت تہران کے لیے خود اس کے اپنے بیانات کے مطابق اس لیے کافی ہے کہ یوں ایرانی افواج دیرینہ حریف ملک اسرائیل اور خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کے ساتھ ساتھ علاقائی سمندری پانیوں میں امریکی جنگی بحری جہازوں تک کو نشانہ بنا سکتی ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں