غزہ (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں) فلسطینی جماعت حماس کے زیر انتظام غزہ کی پٹی کے ایک اقامتی علاقے میں ہفتے کے روز زور دار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
حماس کی وزارتِ داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں واقع قصبے بیت حانوں میں ایک فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے رکن کے مکان میں حادثاتی طور پر دھماکا ہوا ہے۔ اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں دو کی حالت تشویش ناک ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ دھماکے سے متعدد مکانوں کو نقصان پہنچا ہے اور پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ایک مکان میں بارود ذخیرہ کیا جا رہا تھا اور اس کے پھٹنے کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا ہے۔
اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان اویشے ادراعی نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ ’’مکانوں کو اسلحہ ،میزائلوں اور ہتھیاروں کے گوداموں میں تبدیل کیا جارہا ہے مگر اس کا خمیازہ بے گناہ شہریوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔‘‘