خاتون کی ہلاکت: امریکا نے میانمار کی فوجی قیادت پر پابندیاں عائد کردیں

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکا نے میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد اس میں ملوث عسکری قیادت پر پابندیاں عائد کردیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا ہے جس میں میانمار میں فوجی بغاوت کرنے والی فوجی قیادت پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت عسکری حکام، ان کے اہلخانہ اور ان سے وابستہ کاروباروں کے خلاف اقدمات کیے جائیں گی۔

برطانوی میڈیا کا بتانا ہےکہ اس کے علاوہ امریکی حکومت میانمار حکومت کے لیے مختص ایک ارب ڈالرز کے فنڈ تک فوج کی رسائی روکنے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکومت نے میانمار کی فوجی قیادت پر پابندی فوجی بغاوت کے بعد جاری احتجاج میں خاتون کی ہلاکت کے بعد لگائی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے میانمار میں فوجی بغاوت کے فوری خاتمے اور آنگ سان سوچی سمیت دیگر رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ فوجی بغاوت کے خلاف برما کے لوگ آواز اٹھارہے ہیں جس کو دنیا نے سنا اور دیکھ رہی ہے جب کہ اس سلسلے میں امریکا کو کسی مزید ایکشن کی ضرورت پڑی تو وہ بھی لیا جائے گا۔

جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ رواں ہفتے پابندیوں کے پہلے مرحلے میں اپنے اہداف کی شناخت کرے گی جب کہ میانمار کے کچھ فوجی حکام کو پہلے ہی روہنگیا مسلمانوں کے خلاف مظالم کے باعث بلیک لسٹ کیا جاچکا ہے۔

میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف شدید احتجاج کیا جارہا ہے جس میں اساتذہ اور طلبہ سمیت مختلف شعبہ زندگی کے لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہےجب کہ گزشتہ روز ہونے والے احتجاج میں فوج کی فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک ہوئی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں